65 آصف زرداری کی 3ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی اپیل پر سماعت مارچ تک ملتوی
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جعلی اکانٹ کیسز میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی تین ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی اپیل پر سماعت مارچ تک ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے جونیئر عدالت پیش ہوئے، اس موقع پر جونیئر وکیل نے کہاکہ فاروق ایچ نائیک سندھ ہائیکورٹ مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے سماعت3مارچ تک ملتوی کردی جائے اس روز دیگر کیسز بھی ہیں، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفرعباسی نے کہاکہ ریفرنسز کراچی منتقلی کا کیس بھی سپریم میں زیر سماعت ہے، توقع ہے کہ مارچ کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں سماعت کیلئے مقرر کردیاجائے گا، جس پر معاون وکیل نے کہاکہ 3مارچ تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہیں، اس پر جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ آپ کی استدعا پر نہیں چلتے پراسیکیوشن سے پوچھ لیتے ہیں جس پر سردار مظفر عباسی نے کہاکہ جب تک عدالت چاہے ملتوی کردے، عدالت نے سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔عدالت نے بلال شیخ کی درخواست پر بھی سماعت 17مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔