ڈائننگ کے بغیر ریسٹورنٹ انڈسٹری نہیں چل سکتی، حکومت اجازت دے، اپرا
کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر اور کنوینر آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن(اپرا)اطہر سلطان چاؤلہ نے حکومت سے ایک بار پھر ریسٹورنٹس میں ڈائننگ کی اجازت دینے کا مطالبہ دہراہتے ہوئے کہا کہ حکومت امتیازی سلوک بند کرے اورریسٹورنٹ انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے معمول کے مطابق کاروبار کرنے کی اجازت دے بصورت دیگر اربوں کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی۔اطہر سلطان چاؤلہ نے ایک بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کے کیسوں میں دن بدن کمی آرہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ سمیت معیشت کے اکثریت شعبوں کو معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاںجاری رکھنے کی اجازت دے ہوئی ہے لیکن اس کے برعکس ریسٹورنٹ انڈسٹری کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس سے اس انڈسٹری سے وابستہ تاجروں اور سرمایہ کاروں میں شدید تحفظات پائے جاتے ہیں لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے اور مزید سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے ایسے پرکشش اقدامات کرے جس سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ لاکھوں افراد کاروزگار اس صنعت سے وابستہ ہے تاہم ریسٹورنٹس میں ڈائننگ کی اجازت نہ دیے جانے سے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے جبکہ ورکرز کی بڑی تعداد کا روزگار بھی داؤ پر لگاہو اہے کیونکہ ریسٹورنٹس کا کاروبار چلے گا تو روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور حکومت کو بھی باعزت روزگار فراہم کرنے میں مدد ملے گی جس کے لیے ریسٹورنٹ انڈسٹری اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اس کو ممکن بنانے کے لیے حکومت کو ریسٹورنٹس میں ڈائننگ کی اجازت دینا ہوگی ۔