اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے :طیاب راشد سندھو
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) معروف سیاسی سماجی شخصیت و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کی پاداش میں بھارتی فوج نے مظلوم کشمیری قوم کا جینا اجیرن کر رکھا ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دعویدار قوتیں مسئلہ کشمیر پر مسلسل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جو امت مسلمہ کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے، اپنے ایک بیان میں چوہدری طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز ،فوجی اور نیم فوجی دستوں نے مظلوم کشمیری قوم کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے عورتوں کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں مودی مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی آزادی کی تحریک کو ظلم و جبر اور طاقت کے ذریعے دبانا چاہتاہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنا حقیقی کردار ادا کرے ورنہ مسئلہ کشمیر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ آج پوری دنیاخصوصاً پاکستانی قوم اور امت مسلمہ مقبوضہ وادی میں آزادی کی جدوجہد کرنے والی مظلوم کشمیری قوم کے ساتھ ہے اور مظلوم کشمیر قوم کو آزادی سے کم کوئی چیز قابل قبول نہیں۔