عمران کا الزام غلط‘ کوئی پی پی سینیٹر فروخت نہیں ہوا:بیلم حسنین
لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ سینٹ کا ادارہ شہید بھٹو نے بنایا تھا، پیپلزپارٹی کا کوئی ممبر کبھی بھی سینٹ الیکشن میں فروخت نہیں ہوا۔ عمران خان کا الزام غلط ہے وہ اپنی شکست چھپانے کیلئے غیرسیاسی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ سینٹ الیکشن میں لگنے والی منڈی میں خود ان کے لوگ فروخت ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر خیبر پخوتنخوا میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی پنجاب میں بھی اپنی بولی لگا رہے ہیں جس کے ثبوت پیپلزپارٹی فراہم کریگی۔ بیلم حسنین نے سختی سے تردید کی کہ ماضی میں پیپلزپارٹی کا کوئی ممبر نہیں بکا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے ممبروں پر نظر رکھے کون کیا کر رہا ہے۔ بیگم بیلم حسنین نے سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کو روکے، خریدنے والے اور فروخت ہونے والے ممبران کو برابر کی سزا ہونی چاہیے۔