ڈی سی کا دورہ کولڈ روم‘ کرونا ویکسین کا سٹاک چیک کیا
لاہور (نیوز رپورٹر) ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے گزشتہ روز سی ای او ہیلتھ آفس میں کولڈ روم کا جائزہ لیا جہاں پر کوویڈ ویکسین کو رکھا گیا ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق اور ڈاکٹر فیصل موقع نے ڈی سی لاہور مدثر ریاض کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے کولڈ روم کا جائزہ لیا اور سٹاک کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ 23400 کے قریب کوویڈ ویکسین ہے جو لاہور کے لئے آئی ہے۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ یہ ویکسین ہیلتھ ورکرز جو فرنٹ لائن پر ہیں ان کو لگائی جائے گی، اس کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کو ہم ایک سسٹم کے تحت ڈسٹریبیوٹ کر رہے ہیں۔ فوکل پرسن ڈی ڈی ایچ او ہیں جو کہ باقاعدہ ایک گائیڈ لائن کے تحت بذریعہ نادرا ویریفکیشن مختلف ہسپتالوں کو دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رات گئے ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ کا دورہ کیا اورپناہ گاہ انتظامیہ کو صفائی ستھرائی اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے کوائف کو چیک کیا۔کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے مجموعی طور پر 34 دکانوں و سٹوروں و ریسٹورنٹس کو سیل کیا اور 67 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔19 اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے دکانوں و سٹوروں اور 01 ہوٹل کو سیل جبکہ اوورچارجنگ پر 27 ہزار اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ضحی شاکر نے 12 دکانوں و سٹوروں اور 02 ریسٹورنٹس کو سیل جبکہ اوورچارجنگ پر 20 ہزار اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔