ایکسل لوڈ کی پابندی فوری ختم کی جائے ،خواجہ جلال الدین رومی
لاہور (پ ر)معروف صنعت کار اور ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسل لوڈ کی پابندی فوری ختم کی جائے۔ اس کی وجہ سے مہنگائی سے پسے ہوئے عوام مزید دو وقت کے روزگار سے بھی محروم ہوجائیں گے ۔انھوں نے مزید کہا کہ وزارت مواصلات نے بغیر سوچے سمجھے ایکسل لوڈ کا قانون نافذ کر دیا ہے جس کے تحت ہائی وے پر اب چودہ ٹن وزن لے کر ٹرک سڑک پر آ سکے گا جبکہ اس سے قبل ٹرک اپنے سامان کی ترسیل کے لئے 28ٹن وزن لے جا رہے تھے حکومت کی اس پابندی کے بعد ہر چیز کے کیرج کی کاسٹ ڈبل ہو جائے گی جس کا اثر براہ راست عوام پر پڑے گا مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات ہر ماہ مہنگی ہو رہی ہیں حکومت کے اس اقدام کے بعد مہنگائی کا ایک اور سیلاب آئے گا ۔سامان کی نقل و حمل کے لئے مزید پچاس ہزار ٹرک درکار ہوں گے زرمبادلہ خرچ ہو گا پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی خرچ آئے گا،خکومت ماضی کی طرح ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرکے کارگو ٹرینوں کا اجرا کرے،انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے حکومتی سطح پر جلد اقدامات کی ضرروت ہے۔