ایم ڈی سی کی تحلیل کا حکم منسوخ کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے:پی ایم اے
کراچی ( نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پی ایم ڈی سی کی تحلیل کے حکم کومنسوخ کر نے کا خیر مقدم کیا ہے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ایم ڈی سی کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سُنا دیا ۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پاکستان میڈیکل کمیشن کے قیام کو بھی ناجائز اور غیر قانونی قرار دے دیا ۔پی ایم اے کا کہنا تھا کہ پی ایم اے ، پہلے ہی پی ایم سی آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دے چکی تھی ۔ پی ایم اے کا ماننا ہے کہ پی ایم سی آرڈیننس میں بہت سی نقائص تھے جن کے باعث یہ طبی برادری ، طبی تعلیم اور ملک کے نظام صحت کے لیے تباہی کا باعث تھا۔پی ایم اے نے اس متنازع آرڈیننس کو پہلے دن سے ہی مسترد کر دیا تھا ۔اب پی ایم اے کا ماننا ہے کہ فوری طور پر ایک عبوری کمیٹی قائم کی جائے جو روز مرہ کے کام کاج کے ساتھ ساتھ 100دن کے اندر پی ایم ڈی سی آرڈیننس 1962کے مطابق انتخابات کروائے۔پی ایم اے ہمیشہ آزاد ، خود مختار ، جمہوری اور شفاف پی ایم ڈی سی کے قیام پر زور دیتی ہے جس میں تمام فریقین کی نمائندگی ہو اور یہ ہر قسم کے سیاسی اثر سے پاک ہو۔