اکیسویں گلیڈی ایٹرز انٹر اسکول اسکریبل چیمپیئن شپ کراچی میں ختم ہوگئی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)بی وی ایس پارسی اسکول کراچی میں کھیلی گئی دو روزہ چیمپیئن شپ میں کراچی، کوئٹہ اور بدین کے مختلف اسکولوں کے پندرہ سو سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ کوئٹہ کے کھلاڑیوں نے ایونٹ میں شاندارکارکردگی دکھاتے ہوئے کئی انعامات جیتے۔ دوسرے روز پانچ ڈویژنز کے مقابلے ہوئے جس میں تیرہ سے تئیس سال کے طلبہ نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ کالج کٹیگری میں کوئٹہ کے سید محمد ثقلین نے پانچوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ثقلین کا اسپریڈ اسکور 999 رہا۔ ایف ڈویژن میں بی وی ایس پارسی اسکول کے عون مرتضی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جی ڈویژن کا ٹائٹل آرمی پبلک اسکول کے سیہان اویس کے نام رہا۔ جعفر پبلک اسکول کے برہان الدین نے ایچ ڈویژن جبکہ جنریشن اسکول کی رومیسہ وسیم نے آئی ڈویژن کے ٹائٹل اپنے نام کئے۔ ایونٹ کی تمام دس کٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں کو پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور ایک میچ کا وی آئی پی ٹکٹ بطور انعام ملا جبکہ انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آفیشل ڈنر میں بھی مدعو کیا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سرفراز بچوں میں گھل مل گئے اوران کے ساتھ خوب تصاویر بنوائیں۔ سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی سپورٹ بچوں کے ساتھ ہے ۔ آخر میں سرفرازاحمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کے ساتھ فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔