برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، نئی ٹریول ایڈوائزری خوش آئند: شاہ محمود
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا جنہوں نے وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں کی جانے والی تبدیلی خوش آئند ہے اس سے ہمارے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دوران ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے برطانوی سفیر کو مقبوض کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔