بھارتی میڈیا میں دہلی میں ’ آپ‘ کی واضح جیت پر طوفانِ بدتمیزی
اسلام آباد ( عبداللہ شاد) بھارتی راجدھانی دہلی کے صوبائی انتخابات کے نتائج آ چکے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان بھارتی دارالحکومت کے صوبائی انتخابات میں بھی بڑا پہلو بن کر ابھرے ہیں۔ BJP اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دہلی کے عوام کے عام آدمی پارٹی کی طرف رجحان کو شدید طریقے سے ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے دہلی میں بہت سی سہولیات کو مفت کر دیا تھا، مثلاً پانی اور خواتین کے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر پر کسی قسم کے اخراجات نہیں لئے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ بھی ’’آپ‘‘ کی جانب سے دہلی میں فلاح و بہبود کے کئی کام کئے گئے ۔ بھارتی ہندی ٹی وی چینل ’’زی نیوز‘‘ کے اینکر پرسن اور معروف بھارتی صحافی ’’ سدھیر چوہدری‘‘ نے دہلی کے عوام پر تنقید کرتے کہا کہ ’’ دہلی کے رہنے والوں کو بھارت کے بڑے مسئلوں کی کوئی فکر نہیں، انھیں رام مندر کی تعمیر سے کوئی دلچسپی نہیں، کشمیر(مقبوضہ) میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے جیسا BJP کا کارنامہ بھی ان کے نزدیک اہمیت کا حامل نہیں بلکہ انھیں صرف مفت سہولیات سے مطلب ہے، اگر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی دہلی کے چنائو میں پی ٹی آئی سے حصہ لیں اور دہلی کے عوام سے وعدہ کریں کہ وہ ان کے بیشتر ٹیکسز اور اخراجات مفت کر دیں گے تو وہ بھی دہلی کے انتخابات میں فاتح قرار پا لیں گے، بھارت کے بیشتر حصے میں نیشنل ازم بڑھ رہا ہے ( جو درحقیقت BJP کی انتہا پسندی ہے) مگر دہلی کی خواتین شاہین باغ پر شہریت ترمیمی بل کیخلاف دھرنے میں بیٹھی ہوئی ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ بھارت کے تمام میڈیا پر دہلی میں BJP کی شکست کیخلاف طوفانِ بدتمیزی بپا ہے۔