ملک احتجاج کا متحمل نہیں، اپوزیشن حکومت کو چلنے دے: گورنر
لاہور (کلچرل رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مولانا فضل الر حمن کو آئندہ عام انتخابات کے انتظار کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انتخابات ہوں گے تو مولانا فضل الر حمن بھی عوام کے پاس جائیں عوام پھر جو مرضی فیصلہ کریں۔ اپوزیشن احتجاج نہیں حکومت کو چلنے دے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کسی دھر نے یا احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملک میںایک نہیں بہت سے مافیا ہیں مگر مہنگائی اور آٹے بحران کے ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیوں کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں میجر جنرل (ر) ثمریز سالک کی کتاب ''Fighting Shadows''کی تقریب رونمائی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر لیفٹینٹ جنر ل(ر) شفاعت شاہ، سابق ایم این اے رشید گوڈیل، ایم پی اے سعدیہ سہیل، سینئر صحافی حبیب اکرام اور ڈاکٹر جویریہ سہروردی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کسی بھی ملک کی ترقی اور امن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوتی ہے۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہیں جنہوں نے ہزاروں قربانیاں دیکر ملک میں امن قائم کر کے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو شکست دی ہے اور آج پاکستان محفوظ ملک بن چکا ہے، جہاں پر غیر ملکی کر کٹ ٹیموں کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے سرمایہ کار بھی آرہے ہیں۔ عالمی سیاحتی میگزین پاکستان کو سیاحت کیلئے محفوظ ترین اور نمبر ون ملک قرار دے رہے ہیں۔ مولانا فضل الر حمن پہلے بھی دھرنا دے چکے ہیں اب حکومت کو کام کرنے دیںکیونکہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمن ہمارے لیے اب بھی قابل احترام ہیں۔ حالات دیکھنے کے بعد مولانا فضل الرحمن کے احتجاج کے بارے میں حکومتی حکمت عملی بنائیں گے۔ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر سب کو ملک وقوم کے مفاد کیلئے سوچنا چاہیے۔ میجر جنرل (ر) ثمریز سالک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کتاب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی ایک داستان ہے۔ اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کیسے ہوئی اور ہم نے اس میں کیسے کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کتاب کے ذریعے مجھے جتنی بھی آمدن ہوگی یہ پاک افواج کے شہداء کے ویلفیئر فنڈ میں جمع ہوگی۔