خواجہ برادران کے ریمانڈ میں توسیع، وعدہ معاف گواہ قیصر بٹ کے وارنٹ جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سماعت کی۔ خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث عدالت پیش نہ کیا گیا۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالتی حکم کے باوجود وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ نیب پراسکیوٹرنے کہا کہ قیصر امین بٹ بیماری کے باعث پیش نہیں ہوسکتے جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر قیصر امین بٹ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کردی۔