ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ پروا کی حدود میںموٹر سائیکل سوار2 نامعلوم افراد کی پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او سمیت 3افراد زخمی ہو گئے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پروا کی حدود میں ماھڑہ اڈہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ ایس ایچ او طاہر نواز سمیت دیگر اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتا ل منتقل کردیا گیا، بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3اہلکار دم توڑ گئے۔شہید ہونے والے اہلکاروں میں سپاہی میرباز، سپاہی آصف، سپاہی سرفراز اور ڈرائیور جاوید شامل ہیں،زخمیوں میں ایس ایچ او طاہر نواز اور 2راہ گیر شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے پولیس وین اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، حملہ اتنا اچانک تھا کہ پولیس کو جوابی کارروائی کا موقع ہی نہیں مل سکا ۔واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران کچھ مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024