علیم خان کو کلین چٹ دینے کیلئے گرفتاری کا ڈھونگ رچایا گیا:اویس نورانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری ڈرامہ ہے۔ علیم خان کو کلین چٹ دینے کے لئے گرفتاری کا ڈھونگ رچایا گیا ہے۔ حکومتی ایوانوں میں نااہل وزیروں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے۔ احتسابی عمل سے انتقام کی بو آ رہی ہے۔ شفاف احتساب ہوا تو آدھی حکمران جماعت جیل میں ہو گی۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاستدانوں کی تذلیل اور تضحیک کی جا رہی ہے تاکہ سیاست اور سیاستدانوں پر عوام کا اعتماد اور اعتبار ختم کر کے ٹیکنوکریٹس کی حکومت کی راہ ہموار کی جا سکے۔ پارلیمانی جمہوریت کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں۔ نیب میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ پانچ مہینوں کے دوران حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دی ہے۔ وزیراعظم کی منفی تقریروں سے بیرونی دنیا میں پاکستان بدنام ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔