کشمیری عوام جلد آزادی کا سورج دیکھیں گے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی لازوال قر بانیوں کے نتیجے میں کشمیر میں آزادی کا سورج دیکھیں گے۔تمام مسالک اور جماعتیں ملی یکجہتی کے پلیٹ فارم سے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ اسلامی قوانین اور تہذیب کی حفاظت کے لئے تمام دینی اور مذہبی جماعتیں اپنا کر دار ادا کریں، علماء کرام ممبر و محراب سے اتحاد و یکجہتی اور اقامت دین کی آواز بلند کریں، نظام عدل اور سود جیسی لعنت کے بارے میں آگاہی پہنچائیں ۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا اس ملک کی نظریاتی تشخص کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، قادیانت اور سیکولر ازم کی سر پرستی ہو رہی ہے ، اسلامی قوانین کو ہدف بنا کر ختم کر نے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام میر پور میں تنظیم سازی کے اجلاس میں خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ملی یکجہتی کونسل کے تنظیمی اجلاس میں عبدالرشید ترابی کو صدر اور مولانا امتیاز صدیقی کو سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ، عبدالرشیدترابی، مولانا امتیاز صدیقی اور امتیاز عباسی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ، مغربی تہذیبی یلغار نے نے ہمارے نوجوانوں کو ہدف بنایا ہوا ہے، ا س حوالے سے ہمیں اپنے بچوںکے لئے دینی تربیت کا اہتمام کر نا چاہئے، اپنے خاندانی نظام کو مضبوط کریں۔