آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر خود مختار معاشی پالیسی نہیں بن سکتی:امیر العظیم
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر کبھی خود مختار معاشی پالیسی نہیں بن سکتی ، وزیر اعظم عمران خان ماضی میں آئی ایم ایف کے پاس جانے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں ،آج بڑے فخریہ انداز میں عالمی مالیاتی فنڈ سے مذاکرات کامیاب ہونے کی قوم کو نوید سنائی جا رہی ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ دنیا میں کوئی ایک قوم بھی ایسی نہیں جس نے قرضوں پر ترقی کی منازل طے کیں ہو ں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کااستحصال ہر دورحکومت میں ہوتارہا ہے۔غربت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات اور کھانے کودووقت کی روٹی میسر نہیں جبکہ حکمرانوں کی جانب سے آئے روزغربت کے خاتمے کے اعلان ہوتے رہتے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ ماضی کے حکمرانوں اور موجودہ حکومت سے غربت کاخاتمہ تو نہیں ہوسکاالبتہ ملک سے غریب ضرور ختم ہورہے ہیں۔جب تک ملک سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کیاجاتا ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔