فیصل آباد: مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، پٹرول پمپ ملازم قتل، کیشیئر اور 2 گن مین زخمی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) نواحی علاقہ سدھار میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پٹرول پمپ کے ایک ملازم کو قتل کر دیا گیا کیشیئر اور دو گن مین ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجہ میں شدید زخمی ہو گئے۔ پٹرول پمپ کے چاروں ملازمین 50لاکھ روپے کی رقم لے کر بینک میں جمع کروانے کے لئے جا رہے تھے، ڈاکوؤں نے انہیں لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔ جبکہ دیگر ڈکیتی، چوری و راہزنی کی 50 کے لگ بھگ وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹرسائیکلوں و قیمتی سامان سے محروم ہو گئے جبکہ چوروں نے 5گھروں اور 4 دکانوں کا بھی صفایا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ روڈ پر واقع سنگم ون پٹرولیم کا ڈرائیور حاجی ظہور احمد، کیشیئر عبیداللہ، گن مین منور احمد، محمد اظہر 50لاکھ کی رقم بینک میں جمع کروانے کے لئے کار میں جا رہے تھے سدھار بائی پاس کے نزدیک موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے انہیں روک لیا، ان پر اسلحہ تانتے لوٹ مار کی کوشش کی مزاحمت پر ڈاکوئوں نے اندھادھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے ڈرائیور حاجی ظہور احمد، گن مین منور احمد، محمد اظہر اور کیشیئر زخمی ہو گئے جنہیں الائیڈ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر کار ڈراٖئیور حاجی ظہور احمد زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ خونی ڈکیتی کی واردات کے دوران پچاس لاکھ کی نقدی لٹنے سے بچ گئی۔ دیگر وارداتوں میں تھانہ صدر کے علاقہ محمد نگر گلی نمبر10 میں فرحان سے اسلحہ کے زور پر 25ہزار کی نقدی، موبائل فون چھین لیا گیا۔ تھانہ منصور آباد کے علاقہ میں شریف موٹرز کے قریب مون شاہ سے چار ہزار کی نقدی و موبائل فون چھین لیا گیا۔ تھانہ ساندل بار کے علاقہ عزیز فلور ملز کے قریب چور اختر کی تین بھیڑیں چور لے گئے۔ ملت ٹاؤن میں نشاط آباد چوک میں مدثر، میثاق المال میں علی حسن، سائزنگ سٹاپ میں عبدالستار، ستیانہ روڈ میں شہروز، غلام محمد آباد میں عمران، تاج کالونی میں حیدر، 225ر۔ب میں سلیم، گل بہار کالونی میں زاہد سے 15ہزار کی نقدی چھین لی گئی۔ ڈی ٹائپ کالونی میں محمد لطیف، 224ر۔ب میں یعقوب، 218ر۔ب میں ظفراقبال، صدر کے علاقہ میں رضیہ سلطانہ کے گھر سے بھی قیمتی سامان چوری ہو گیا۔ 218ر۔ب میں ظفر اقبال کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان چھین لیا گیا۔ تھانہ ملت ٹاؤن میں حسن جاوید سے موٹرسائیکل چوری ہو گئی۔ گٹ والا میں زوہیب کی دکان سے ایک لاکھ کی نقدی و موبائل فون چھین لیا گیا۔ 435گ۔ب میں فضل علی سے موٹرسائیکل ، 14ہزار کی نقدی چھین لی گئی۔ تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ سلیمی چوک سے عبدالرحمان سے موبائل و نقدی چھین لی گئی۔ تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ عزیز ٹاؤن میں غلام حیدر سے دو ہزار کی نقدی و موبائل فون چھین لیا گیا۔ تھانہ ملت ٹاؤن میں عبدالنعیم کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی۔ سول ہسپتال سے سکندر کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی۔ سول لائن میں کچی آبادی کے شاہد سے 30ہزار کی نقدی و موبائل فون چھین لیا گیا۔ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 243ر۔ب میں عبدالواحد سے 51ہزار کی نقدی و سامان چھین لیا گیا۔ 85گ۔ب میں محمد سرفراز، 247ر۔ب میں اکرم علی قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔