26ویں عالمی HVACR نمائش کل شروع ہوگی
کراچی (کامرس رپورٹر) 26 ویں عالمی (HVACR) اینڈ بلڈنگ سروسز ایکسپو اور کانفرنس کل بدھ 13 فروری 2019 سے ایکسپو سینٹر، کراچی میں شروع ہوگی۔ پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کراچی چیپٹر اور (ASHRAE) پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ نمائش میں چین، ترکی، تھائی لینڈ سمیت متعدد ممالک شرکت کریں گے۔ نمائش دیکھنے کے لیے تقریباً 30 ہزار افراد کی آمد متوقع ہے۔ اس ضمن میںنمائش کے چیف کنوینر محمد عباس ساجد اور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی نور افضل کے مطابق ایچ وی اے سی آر ایکسپو میں سب سے بڑا وفد چین سے شرکت کرے گی جبکہ ترکی سے بھی ایک بڑا وفد آ رہا ہے اس کے علاوہ تھائی لینڈ کا وفدبھی نمائش میں شرکت کرے گا۔ نمائش میں 600 سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے جن میں 300 نمائش کنندگان شرکت کریں گے جن میں100 غیرملکی اور 200 ملکی ہوں گے۔نمائش میں ریفریجریٹر اور ائیر کنڈیشنز بنائے والے 30 کے قریب لوکل مینوفیکچررز بھی شرکت کریں گے۔ محمد عباس ساجد نے کہا کہ آج کے دور میں ریفریجریٹرز اور ائیر کنڈیشنز کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، لیکن ہم اس کے استعمال کے ساتھ ماحولیات کا تحفظ بھی چاہتے ہیں۔ اسی لیے نمائش میں ٹیکنیکل کانفرنس کے ساتھ توانائی اور ماحولیات کے حوالے سے سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی مقررین خطاب کریں گے۔