ایل او سی پر بڑھتی جارحیت بڑے تصادم کا پیشہ خیمہ ثابت ہو سکتی ہے‘ برجیس طاہر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے حالات کو کشیدہ کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بڑھتی جارحیت کسی بڑے تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند رپورٹس کے مطابق بھارت ایل او سی پر ٹینک شکن مزائل نصب کر رہا ہے جو کہ خطے میں جنگی کیفیت کو ہوا دینے کے مترادف ہے ، انہوں نے عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے جارحیت پر مبنی ان اقدامات کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے انتہائی اقدامات خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے بھارت نے ایل او سی پر جارحیت کو ایک معمول کی کاروائی بنا لیا ہے اور صرف ایک سال میں بھارت نے سینکڑوں مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور درجنوں شہریوں کو شہید کیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی افواج ایل او سی پر بھارتی جاریت کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بھارت تو کیا پوری دنیا پاک افواج کی پیسہ وارانہ صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اور جس طرح پاکستان کی افواج اور سکیورٹی اداروں نے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی ہے اس کہ کوئی مثال نہیں ملتی ،انہوں نے کہا کہ بھارت کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ اس کی کسی بھی قسم کی شرارت کا کیا نتیجہ نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگی اقدامات سے بھارت درحقیقت پاکستان کو کشمیروں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت سے دستبردار کرانا چاہتا ہے جس میں اس کو کبھی کامیابی حاصل نہ ہو گی۔