مینجمنٹ بااختیار، سینئر کھلاڑی انتخاب درست ثابت کریں: شہباز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) عمان میں تین ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم رضوان سینئر کی قیادت میں گذشتہ رات اسلام آباد سے مسقط روانہ ہو گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ مکمل طور پر بااخیتار ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جس میں بعض سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاہم سینئر کھلاڑیوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہوگی کو وہ اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ عرفان سینئر نے دوسری مرتبہ کیمپ میں رہ کر مینجمنٹ کو اپنے پاسپورٹ کے بارے میں غلط بیانی کی ہے جس پر ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تین ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان عمان کے علاوہ جاپان اور پاکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 14 فروری کو میزبان عمان کے خلاف کھیلے گی۔ 15 فروری کو جاپان کے مد مقابل ہوگی۔ 16 فروری کو ایک روز آرام کے بعد 17 فروری کو عمان اور 18 فروری کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 20 فروری کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم 22 فروری کو مسقط سے واپس کراچی پہنچے گی۔