عمران اور زرداری جیسے لوگوں کیخلاف میدان میں آچکے: علامہ خادم رضوی
لاہور (پ ر) تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے آصف زرداری کو کرپشن کا بے تاج بادشاہ اور عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ قرار دیدیا۔ کمپنی باغ سرگودھا میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں خادم حسین رضوی نے کہا کہ قوم کو 70 سال سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ختم نبوت کے قوانین کے حوالے سے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظرعام پر نہ لائی گئی تو بہت جلد حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا آغاز کر دیں گے۔ پاکستان کی سیاست میں 70 سال سے ڈرامہ باز لوگ قوم کو بے وقوف بنا کر اپنے مفادات کی جنگ لڑتے رہے ہیں۔ تحریک لبیک آصف زرداری اور عمران خان جیسے لوگوں کے خلاف میدان میں آچکی ہے‘ آئندہ الیکشن میں کسی الائنس کے بغیر بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے۔ راولپنڈی دھرنا ختم کرتے وقت یہ معاہدہ کیا گیا تھا کہ ختم نبوت قوانین کے حوالے سے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے۔