ملکی ترقی، خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی،لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے، ایک عرصے سے چھائے اندھیروں کو ختم کیا ہے اور جتنی محنت کیساتھ توانائی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے، اس کی مثال پاکستان کی70سالہ تاریخ میں موجود نہیں،عمران نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے یہ عناصر کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے، بعض سیاسی عناصر کی رکاوٹوں کے باوجود بجلی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور آج ملک میں لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میاں مرغوب ، چوہدری شہباز،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال،علی عمران چوہدری علی عدنان چوہدری۔رانااحسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔