شمس الرحمن حدود میں رہیں‘ سیال شریف کے خاندان میں انتشار نہ ڈالیں: نظام الدین
ساہیوال/ سرگودھا (محمد شفیق چوہدری سے) مسلم لیگ ن کے ایم پی اے صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی اور ترجمان پیر آف سیال شریف مولوی شمس الرحمن مشہدی کے درمیان ٹھن گئی، سیال شریف کے لئے مشکلات پیدا ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لیگی ایم پی اے نظام سیالوی نے پیر آف سیال شریف کے حکم پر سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لیا تو ترجمان پیر آف سیال شریف مولوی شمس الرحمن مشہدی نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں کہا گیا لیگی ایم پی اے نظام سیالوی کو سجادہ نشین محمد حمید الدین سیالوی نے صرف سیاست میں واپس آنے کے لیے کہا ہے لیکن مسلم لیگ ن کی حمایت کا ہر گز نہیں کہا، ترجمان پیر آف سیال شریف کے اس بیان پرلیگی ایم پی اے نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے وہ اپنے سیاسی فیصلوں میں رہنمائی کے لیے مولوی شمس الرحمن مشہدی کے محتاج نہیں اور انہیں چاہیے وہ اپنی حدود اور اوقات میں رہ کر کا م کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا جب تک سجادہ نشین خواجہ محمد حمید الدین سیالوی خود پریس کانفرنس کر کے اس بات کا دو ٹوک اعلان نہیں کرتے کہ سیاسی امور اور فیصلے کس نے کرنے ہیں تو اس وقت تک وہ اپنی سیاسی ذمہ داریاں معطل رکھیں گے، مولوی شمس الرحمن مشہدی کے ویڈیو پیغام پر صاحبزادہ نور القمر سیالوی، صاحبزادہ قطب الدین سیالوی اور دیگر صاحبزادگان نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے خاندانی انتشار کا سبب اور خاندان میں فاصلے بڑھانے کی سازش قرار دیا ہے۔
نظام الدین سیالوی