ایم کیو ایم مکافات عمل کا شکار ہے، ذوالفقار مرزا
پنگریو (نامہ نگار) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ مکافات عمل کے قانون کے تحت زوال پذیری کا شکار ہے اس تنظیم کی دہشت گردی اور فاشزم کے خلاف سب سے پہلے میں نے اس وقت آواز اٹھائی تھی جب میڈیا کے لوگ بھی الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے دہشت گردوں کو بھائی کہہ کر پکارتے تھے متحدہ کے مظالم اب ختم ہورہے ہیں اور یہ تنظیم اب خود انتشار کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پنگریو کے قریب گاو¿ں پیر قائم محمد شاہ میں معروف سیاسی شخصیت پیر معشوق علی شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اللہ تعالیٰ کی پکڑ کے باعث انتشار کا شکار ہے اب اسے کوئی بھی زوال پذیری سے نہیں بچا سکتا ۔متحدہ قومی موومنٹ کی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے ہزاروں بے گناہ انسانوں کا خون رنگ لارہا ہے اور متحدہ قومی موومنٹ اپنے انجام کی طرف تیزی کے ساتھ گامزن ہے اور بہت جلد اس کاوجود ختم ہو جائےگا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں آصف علی زرداری ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں یہ انتہائی بد قسمتی کی بات ہے کہ سینیٹ جیسے ایوان کے لئے بھی ہارس ٹریڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زرداری ٹولے کی شوگر ملیں کاشت کاروں کا بد ترین استحصال کر رہی ہیں اور مجھ سمیت سندھ کے لاکھوں کاشت کارمتاثر ہو رہے ہیں۔ میری شوگر مل بھی آصف علی زرداری نے نہیں چلنے دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوگوں کی زرعی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے اور حکمرانوں کی زمینیں سیراب کر نے کے لئے پانی کا رخ موڑا جا رہا ہے۔اس موقع پر دلبر سندھی،سکندر میمن، حاجی محمد پناہ ملاح اور مرزا گروپ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ذوالفقا ر مرزا