اسلام آباد سے سینٹ کی دو نشستوں پر انتخاب کا طریقہ بدلا جائے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سر اج الحق نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق سینٹ کی تشکیل آباد ی کے بجائے چاروں صوبوں کی اکائیوں کو مساوی حیثیت دینے سے ہوتی ہے۔ ایوان بالا کی اس طرز پر تشکیل سے وفاقی ڈھانچہ پختہ بنیادوں پر کھڑا ہوتا ہے۔ سینٹ کے لیے اسلام آباد سے دو سیٹوں کے لیے قومی اسمبلی کے ارکان کا موجودہ طرز انتخاب صوبوں کی مساوی حیثیت کو متاثر کرتا ہے اور کثرت آبادی کی جیت کا موقع دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کے ساتھ اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صنعت و زراعت ، تعلیم ، پاور اینڈ واٹر اور معیشت کے شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔ سینیٹرسراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد سے دو سیٹوں کے موجودہ طرز انتخاب کو بدل کر اسے چاروں صوبوں سے منتخب شدہ ارکان اسمبلی کو مساوی وزن دیا جائے تاکہ چھوٹے صوبوں کے اندر پائے جانے والے احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اور اسرائیل جیسے دشمنوں سے بڑھ کر ہمیں آستین کے سانپوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ ہماری لڑائی کسی فرد یا خاندان سے نہیں بلکہ اس ظالمانہ استحصالی نظام سے ہے جو ستر سال سے ملک پر مسلط ہے۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی جیسے تحفے ان حکمرانوں کے ہیں جو تین تین بار اقتدار میں رہے۔
سراج الحق