ماسکو : روسی مسافر طیارہ تباہ، 6 رکنی عملے سمیت 71 ہلاک
ماسکو (مانیٹرنگ نیوز) روس میں نجی ایئر لائن کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روس کی ایئر لائنر کمپنی سیراٹوو کا ایک چھوٹا طیارہ اے این 148 ٹیک آف کے فوری بعد ہی ریڈار سے غائب ہو گیا‘ طیارے میں عملے سمیت 71 افراد سوار تھے۔ طیارہ اورل کے شہر اورسک سے پرواز کر رہا تھا۔ اورسک ایئر پورٹ کے عملے نے بتایا کہ حادثے کے بعد کسی مسافر کے بچنے کی کوئی امید نہیں۔ دیگر ذرائع کے مطابق طیارہ ماسکو سے 80 کلومیٹر دور ایک علاقے آرگنووو میں کہیں گر کر تباہ ہوا۔ ایئر پورٹ حکام نے بتایا کہ پرواز کے صرف دو منٹ بعد ہی مسافر طیارہ ریڈار سے اوجھل ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ 2015ء میں سیراٹوو ایئر لائن کی خلاف ضابطہ پروازوں اور کاک پٹ میں غیر متعلقہ عملے کو بٹھانے پر اس کا بین الاقوامی پرواز کا لائسنس معطل کر دیا گیا تھا اس کے بعد سے ایئر لائن صرف روس میں ہی کام کر رہی تھی اور اس کی زیادہ تر پروازیں جارجیا اور آرمینیا کے درمیان ہی جاری رہی تھیں۔
روسی طیارہ تباہ