سینیٹ الیکشن : کامران ٹیسوری، بابو سرفراز ، مظفر شاہ سمیت 13 امیدواروں کے کاغذات منظور ، 3 مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار‘عامرخان گروپ‘ پاک سرزمین پارٹی‘ مسلم لیگ (ن)‘ فنکشنل مسلم لیگ کے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے گئے‘ایم کیو ایم کے عامر چشتی‘ پی ایس پی کی صوفیہ سعید‘ حسان صابر ایڈووکیٹ سمیت تین امیدوارسینیٹ الیکشن کیلئے نااہل ہوگئے‘ ایم کیو ایم کے احمد چنائے‘تحریک انصاف کے نجیب ہارون کی اہلیت کا فیصلہ کل تک ملتوی کردیا گیا۔الیکشن کمیشن سندھ میں سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج اتوارکودوسرے روزبھی جاری رہا ڈاکٹرفاروق ستارکے جاری کردہ ٹکٹ پرایم کیوایم پاکستان کے نامزد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوئی الیکشن کمشنرسندھ یوسف خٹک نے جانچ پڑتال کے بعد جنرل نشست کیلئے امیدوار کامران ٹیسوری‘ علی رضا عابدی‘ حسن فیروز اور خواتین کی مخصوص نشست پر ڈاکٹر نگہت اور منگلا شرما کے غذات نامزدگی منظورکرلئے جبکہ اسی گروپ کے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار احمد چنائے کے کاغذات پر کارروائی کل تک روکتے ہوئے انہیں نااہلی سے بچنے کیلئے پیرکو ایچ ایس سی کا تصدیق شدہ ایکولینس ڈگری سرٹیفیکٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ٹکٹ پر نامزد امیدواروں فروغ نسیم‘ عبد القادر خانزادہ‘ امین الحق کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے گئے جبکہ اسی گروپ کے عامر چشتی کے کاغذات نامزدگی مالیاتی اداروں کے مقروض ہونے کی وجہ سے مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ انتخابات کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا جبکہ خواتین کی مخصوص نششت کیلئے نسرین جلیل کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے گئے۔ پاک سرزمین پارٹی کے 4 امیدواروں ڈاکٹر صغیر‘ مبشر امام ‘ انیس احمد ایڈووکیٹ‘ دیگر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابو سرفراز جتوئی‘ فنکشنل مسلم لیگ کے امیدوار سید مظفر حسین شاہ اور ایک آزاد امیدوارآصف خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نجیب ہارون جو اپنے تجویز کنندہ اور تائیدکنندہ کے بغیر نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن پہنچے تھے انہیں واپس کردیا گیا الیکشن کمشنرسندھ یوسف خٹک نے انہیں پیرکودوبارہ کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے تجویز اورتائید کنندہ کے ہمراہ طلب کیا ہے۔
کاغذات منظور