بلدیہ کورنگی آئی ٹی سے آراستہ پاکستان کا پہلا ڈسٹرکٹ ہوگا ،نیئر رضا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ یہ جو آج کا پروگرام ہے یقینی طور پر آپ سب کی حو صلہ افزائی کرنے کے لئے ہے تا کہ آگے بھی بہتر سے بہترکام ہو اور اس طرح کے پروگرام کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ اب جو آنے والا وقت ہے اس میں آپ اپنی کارکردگی مزید بہتر کریں ۔ہمار ا ڈسٹرکٹ پاکستان میں پہلا ڈسٹرکٹ ہوگا جس کے تمام محکمے مکمل طور پر کمپیوٹرائز ہونگے ۔جبکہ ان کی ورکنگ بھی مکمل طور پر کمپیوٹرائز سسٹم کے تحت کی جائے گی ۔اس کے علاوہ بلدیہ کورنگی کی تمام 37یونین کونسل میں حاضری کی صورتحال کے کنٹرول کے لئے بائیومیٹرک سسٹم بھی اگلے ایک ماہ کے اندر لگا دیئے جائیں گے ۔ہم یہ سب کام سسٹم کی بہتری کے لئے کر رہے ہیں اگر ہم چار سال میں سسٹم اچھا بنا کر چلے گئے تو آئندہ بھی یہ سسٹم اسی طرح چلتا رہے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ کورنگی کی موجود بلدیاتی قیادت نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں مسائل اور مشکلات ، فنڈز نہ ہونے کے باو جود یوسی چیئرمینز ،وائس چیئرمینز اور کونسلرز حضرات نے ہر موقع پر دیانت داری اور جا نفشانی سے کام کیا ہے اس ڈیڑھ سال کے دوران دو مرتبہ عید الاضحی، ربیع الاول ،محرم الحرام جیسے بڑے مذہبی تہواروں کے موقع پر سب نے بہترین کارکردگی مظاہرہ کیا ہے ۔اور مجھے امید ہے کہ تمام منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے حل کے لئے بقیہ مدت میں بھی اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ کورنگی میں2016-17میں دی گئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے پر یوسی چیئرمینز،وائس چیئرمینز ،کونسلرز و افسران کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔