خدمت انسانیت حضور نبی کریمﷺ کی سنت ہے:زاہد قمر
کراچی(نیوز رپورٹر) انسانیت کی خدمت دراصل حضور نبی کریمؐ کی سنت ہے اور یہ توفیق قسمت والوں کا ہی نصیب بنتی ہے انجمن حیات الاسلام فلاحی ایک قدیم ادارہ ہے جو گذشتہ85 سال سے دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے ضمن میں ہمہ تن مصروف عمل ہے۔ اس کی کارکردگی ملک کے دیگر سماجی اداروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف بزنس مین سابق سینئر نائب صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد قمرنے گذشتہ روز انجمن حیات الاسلام کے مرکز بہادر یار جنگ روڈ گرومندر میں منعقدہ ماہانہ وظائف تقسیم زکواۃ چیکس کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آرگنائزر انور حسین صدیقی اور جاوید غضنفر علوی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سو سے زائد بیوہ خواتین میں3000 ہزار ورپے فی کس ماہانہ وظائف کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ انور حسین صدیقی نے بتایا کہ انجمن کے تحت دار الیتامیٰ‘ مفت ڈسپنسری‘ مدرستہ حفظ و ناظرہ‘ حیات الاسلام پبلک اسکول‘ بہبود اطفال‘ حیات الاسلام ٹیکنیکل ہائی اسکول‘ امداد معذورین حیات الاسلام گرلز ڈگری کالج و دیگر عملی پروجیکٹس کام کررہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ خدمت کے جذبے سے سرشار بہت سے سماجی رہنما ہمارے معاشرے میں مختلف اداروںو تنظیموں کے حوالے سے سرگرم عمل ہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ اللہ رب العزت کا ہی انتخاب ہے جسے چاہتا ہے مثبت کام کے لئے چن لیتا ہے اور پھر اسکے ذریعے بڑے بڑے کام پایہ تکمیل کو پہنچتے ہیں۔