چیف جسٹس سینیٹ الیکشن میںخرید و فروخت کا نوٹس لیں:ارشد تقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) نظریہ پاکستان تحریک کے بانی و چیئرمین محمد ارشد تقی نے سینیٹ کے الیکشن میں فاٹا‘ خیبر پی کے ‘ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ایم پی ایز کی خریداری کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لیکر انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ارشد تقی نے کہا ہے کہ ملک گیر سطح پربعض سیاسی جماعتوں اور بعض ارب پتی آزاد امیدواروں کی جانب سے ایم پی ایز کو مبینہ طور پر کروڑ روپے کی آفرز کو منتخب نمائندوں کی توہین قرار دیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ جس ملک کے منتخب نمائندے پیسوںکی چمک پر بکنے لگیں اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ الیکشن کے موقع پر مانیٹرنگ کا ایسا نظام رائج کیا جائے کہ کوئی ایم پی اے کو خرید نہ سکے اگر ایسا نہ ہوا تو قانون ساز اداروں میں پیسوں کے بل بوتوں پر آنے والے قوم کی خدمت کے بجائے لوٹ مار کی سیاست کو فروغ دینگے جو المیہ ہوگا۔