امریکہ کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دینگے‘ طارق حسن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریس کلب کے سامنے امریکہ اور بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی امریکی و بھارتی حکمرانوں کے ناپاک عزائم اور بے مقصد کوششوں کے خلاف پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے شہدائے پاک فوج کو سرخ سلام پیش کرنے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق نائب ناظم کراچی طارق حسن نے کہاکہ امریکہ کے ناپاک عزائم کو پاکستان کے خلاف کسی بھی صورت استعمال نہیں ہونے دیں گے امریکہ اور ہندوستان خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں جس کی حقیقت آنکھ کھلنے کے بعد دونوں کے سامنے آ جائے گی۔ پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے سیئنر وائس چیئرمین رفیق الحسینی نے کہاکہ انڈیا اور امریکہ اندرون خانہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنا بند کر دیں اگر امریکہ اور انڈیا پاکستان کے خلاف سازشیں بند نہیں کریں گے تو پاکستان میں بسنے والے لاکھوں محب وطن پاکستانی بنگالیز امریکہ اور انڈیا کے ناک پر دم کر کے رکھ دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے کہاکہ انڈیا کشمیر کے چکر میں ہندوستان ہی کھو بیٹھے گا وہ وقت دور نہیں کہ کشمیری عوام ہندوستان کو پوری دنیا کیلئے عبرت کا نشانہ بنا دیںگے۔ زین العابدین شاہ گوٹھی نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکی سیینٹ میں پاک فوج کو دی گئی امداد کی واپسی کیلئے پیش کیا گیا بل امریکی ایوان نمائندگان کی احمقانہ سوچ کی نشاندہی کرتا ہے ہم چیف جسٹس اور حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ شیخ محمد فیروز کو جلداز جلد رہا کیا جائے۔ مظاہرین سے حبیب الرحمن غنی‘ نور عالم شیخ‘ طاہر رشید‘ ابوالحسین سونار‘ مشتاق احمد‘ عبدالحکیم‘ عبدالمجید طاہر‘ نور عالم حیدری‘ محمد سعید سینٹرل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔