نہروں کے پشتوں پر غیر قانونی باڑوں کیخلاف کریک ڈائون 4 افراد گرفتار
حیدرآباد/گولارچی (نامہ نگاران) انتظامیہ نے واٹر کمیشن کے احکامات کی روشنی میں نہروں پشتوں پر قائم غیر قانونی باڑے سیل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ حیدر آباد میں اسپیشل مجسٹریٹ رضوان جتوئی کی سرکردگی میں بلدیہ میٹ سیکشن کے عملے نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ نہروں کے پشتوں پر غیر قانونی باڑوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے کئی باڑے بند کرادیئے اور4 باڑہ مالکان کوگرفتار کرلیا۔ بلدیہ میٹ سیکشن کے عملے نے غیر قانونی باڑوں میں موجود بھینسوں کو ٹرکوں میں بھر کر کیٹل کالونی منتقل کردیا۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ اکرم واہ‘ نیو پھلیلی‘ پنیاری اولڈ پھلیلی نہروں کے پشتوں پرتمام تجاوزات کے خاتمے اور باڑوں کی وہاں سے منتقلی تک آپریشن جاری رہے گا۔گولارچی سے نامہ نگار کے مطابق گولارچی نہر کنارے قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ درجنوں تجاوزات کو مسمار کردیا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے افسران کی نگرانی میں تجاوزات جس میں دکانیں‘ ہوٹل سروس اسٹیشن اور بھینسوں کے باڑے بھی شامل ہیں کو ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کردیا گیا۔