لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر اور سٹیٹ بینک کے اشتراک سے لاہور چیمبر میں اسلامی بینکاری اور فنانس کے بنیادی تصورات کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کی۔ سٹیٹ بینک کے چیف منیجر طارق ریاض، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سلیم اور اسلامی بینکنگ کے ماہر ڈاکٹر محمد عزیر عثمانی نے بھی خطاب کیا جبکہ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران، سید سلمان علی، عامر علی، کرامت اعوان، آمنہ رندھاوا، خرم لودھی، اور احسن شاہد بھی سیمینار میں موجود تھے۔ سیمینار کا مقصد کاروباری برادری کو اسلامی بینکنگ کے اصولوں اور فوائد سے آگاہ کرنا اور اس کے ذریعے مالیاتی شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔ میاں ابوذر شاد نے خطاب میں پاکستان میں اسلامی بینکنگ کے ترقیاتی سفر پر روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اسلامی بینکوں کی جانب سے فراہم کی گئی فنانسنگ 3,504 ارب روپے ہے جو کل بینکاری نظام کی فنانسنگ کا 29 فیصد ہے۔میاں ابوذر شاد نے وفاقی شرعی عدالت کے سود پر مبنی بینکاری نظام کو غیر اسلامی قرار دینے کے تاریخی فیصلے کا حوالہ دیا جس میں دسمبر 2027 تک سود سے پاک بینکاری نظام کے نفاذ کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
لاہور چیمبر :اسلامی بینکاری اور فنانس کے بنیادی تصورات کے موضوع پر سیمینار
Dec 12, 2024