قومی خزانے کو چونا لگانے والوں کو جواب دینا ہوگا:فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لیگی دور حکومت میں قطر سے ایل این جی کی درآمد میں ہوشربا مالی بے قاعدگیاں سامنے آرہی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کو مہنگی گیس خریدنی پڑ رہی ہے تو اس کے پیچھے کٹھ پتلی وزیراعظم کی کارستانیاں ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی دور حکومت میں قطر سے ایل این جی کی درآمد میں ہوشربا مالی بے قاعدگیاں سامنے آرہی ہیں،ایل این جی درآمد پر2015-16 کی آڈٹ رپورٹ شاہد خاقان عباسی کے دعووں کی نفی ہے،108 ارب کی بے قاعدگیوں اور صارفین سے ساڑھے چار ارب اضافی وصولیوں کا جواب دینا پڑے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کا راگ الاپنے اور خود کو بے گناہ قرار دینے والوں کا دامن داغدار ہے اور ہم قومی خزانے کو چونا لگانے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔