خیبر پختوانخواہ میں پولیو کے4 نئے کیسز ،رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 98ہو گئی

خیبر پختوانخواہ میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 98تک پہنچ گئی۔خیبرپختونخوا ہ میں پولیو کے کیسز کی مجموعی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے جو ملک بھر میں یکم جنوری 2016 سے 31 دسمبر 2018 تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی کل تعداد سے زیادہ ہے۔نیشنل انسٹییٹوٹ آف ہیلتھ کے مطابق خیبرپختونخوا ہ سے پولیو کے 4 کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ضلع لکی مروت اور ایک ضلع ٹانک سے رپورٹ ہوا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق این آئی ایچ لیبارٹری کے عہدیدار نے کہا کہ پولیو وائرس سے ایک 3 ماہ کا بچہ متاثر ہوا ہے، بچہ تحصیل سرائے نورنگ کی یونین کونسل تختی خیل کا رہائشی ہے جسے پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔اسی علاقے سے 11 ماہ کی بچی بھی پولیو سے متاثر ہوئی اسے بھی پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔لکی مروت کی یونین کونسل ڈیرہ تنگ میں 11 ماہ کی بچی میں پولیو کی تشخیص ہوئی، بچی کے والدین کا دعوی ہے کہ اسے 2 مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔