ورکنگ بائونڈری کے سرحدی گائوں تارا پور سے بھارتی ساختہ مارٹر گولہ برآمد
ظفروال (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) ورکنگ بائونڈری کے سرحدی گائوں تارا پور کے مقام سے بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پھینکا گیا انڈین ساختہ مارٹر گولہ برآمد ہوا۔ مارٹر گولہ مقبوضہ کشمیر کی سرحد سے 300میٹر کی دوری پر کھیتوں سے ملا جسے چناب رینجرز نے سرخ جھنڈا لہرا کر تحویل میں لے لیا۔ گولہ پھٹ جاتا تو ارد گرد کے دیہات میں بہت بڑی تباہی ہونی تھی۔ پڑوسی ملک بھارت نے آبی جارحیت کے ساتھ ساتھ بارودی جارحیت بھی شروع کر رکھی ہے۔ مارٹر گولے، اینٹی ٹینک مائن انڈین ساختہ سیلابی پانی میں بہہ کر پاکستان کی حدود میں آجاتے ہیں اب تک سینکڑوں اینٹی ٹینک مائن اور مارٹر گولے بم ڈسپوزل سکواڈ ناکارہ بنا چکا ہے۔