مہنگائی کے خلاف ممکنہ اقدامات

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کوڈ آف کریمنل پروسیجر میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ ترمیم کے بعد فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کو پرائس کنٹرول کے اختیارات تفویض کیے جا سکیں گے۔
تحریک انصاف عوامی مسائل کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے دعوئوں اور وعدوں کے باعث اقتدار میں آئی مگر اقتدر میں آنے کے بعد معیشت کی بدترین صورت حال کا اندازہ ہوا، اس کی پوری توجہ اس طرف مبذول ہو گئی اور کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے، جو مہنگائی کا سبب بنے، بجلی و پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ در اضافہ ہونے لگا۔ ڈالر کی قیمت 35 فیصد بڑھ گئی۔ ان حالات میں مہنگائی میں اضافہ فطری امر تھا مگر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے مہنگائی کو بے لگام کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ آج حکومت کی کاوش سے معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو چکی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہونے کے بعد ڈالر کی قیمت گر رہی ہے۔مگر منافع خور مافیا مضبوط معیشت ،پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی مضبوطی کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ اس کے لیے گورننس میں تیزی لاتے ہوئے مافیاز کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ مجسٹریٹوں کو پرائس کنٹرول احتیارات دینے کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی فعالیت کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی۔