پی سی بی کی میانداد اور پہلے سری لنکن کپتان کیلئے اعزازی شیلڈ
لاہور(نمائندہ سپورٹس)سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے ملک میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے اس یادگار موقع پر میچ کے کھانے کے وقفہ کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد اور سابق سری لنکن کپتان بندولا ورنا پورا کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ورناپورا نے کہا کہ جب پاکستان کی جانب سے دورے کی دعوت ملی تھی تو اس وقت بھی مجھ سے پاکستان جانے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تھا اور میں نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو وہ سب کچھ واپس لوٹانا چاہتے ہیں جو کچھ انہوں نے سری لنکن کرکٹ کیلئے کیا۔ جب ہمیں آئی سی سی کی رکنیت ملی تو پاکستان نے پہلے دن سے ہماری مدد کی تھی اور ہم اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔1982 میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے جاوید میانداد نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے ہمیشہ ہماری مدد کی، انہوں نے یہاں آ کر کرکٹ کھیلی اور دنیا کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے بالکل محفوظ ملک ہے۔ ہمارے اکثر کھلاڑیوں کو بیرون ملک اپنے عوام سے دور کرکٹ کھیلنا پڑتی تھی لیکن اب وہ یہاں پاکستانی شائقین کے سامنے کھیل سکیں گے جس پر میں سری لنکا کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔