انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) غیرملکی کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان میں آمد گزشتہ روزسے شروع ہو گئی، ایونٹ پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام سے 15 دسمبر سے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایاکہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور ایونٹ میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ایونٹ میں ٹاپ 50 رینکنگ کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔مصر کے یوسف ابراہیم اور ہانگ کانگ کے تزونگ ٹونگ مرد اور خواتین ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے۔
ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دوسرے غیرملکی کھلاڑی جن کا تعلق مصر، امریکہ، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال، سپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا سے ہے۔ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل 17 دسمبر کو، سیمی فائنل مقابلے 18دسمبر کو جبکہ فائنل 19 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔