عوام کی خاموش آواز
مکرمی! آپ کے توسط سے ایک اہم مسئلے کی طرف ‘ حکومت پاکستان کی توجہ دلانا چاہتا ہوں‘ کہ بجلی کا میٹر ہو یا گیس کا میٹر ہو گھر کے باہر کھمبے پہ لگے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات ناگہانی آفت (بارش وغیرہ)‘ یا ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ سے بجلی کے میٹر جل جاتے ہیں‘ یا شرارتی بچے گلی میں کھیل کود (کرکٹ وغیرہ) کے دوران ان بجلی کے میٹروں کو توڑ دیتے ہیں۔ جبکہ اس کا صارف کو کچھ پتہ نہیں ہوتا اور واپڈا کی طرف سے بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ نئے میٹر کی قیمت بھی وصول کی جاتی ہے اور ہر ماہ میٹر کا کرایہ بھی بل میں وصول کیا جاتا ہے۔ جو سراسر غریب عوام پر ظلم ہے۔ میری وزیراعظم عمران خان صاحب اور وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان صاحب اور اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ بجلی کے میٹر کی قیمت کو ختم کیا جائے کیونکہ گورنمنٹ ہر ماہ اس میٹر کا کرایہ وصول کر رہی ہے۔ یا تین (3) ماہ کی اقساط میں میٹر لگایا جائے تا کہ غریب عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزا دے‘ آمین(لائبریرین عامر کریم‘ منگلا کینٹ )