آئی پی ایل ، نیلامی کیلئے 346 کھلاڑی شارٹ لسٹ،تمیم اقبال جگہ نہ بنا سکے
ممبئی (اے پی پی)آئندہ برس شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے 346 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، سری لنکن کرکٹرز لاستھ مالنگا، اینجلو میتھیوز اور سابق کیوی بلے باز برینڈن میک کولم سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، کھلاڑیوں کی نیلامی 18 دسمبر کو جے پور میں ہو گی۔ نیلامی کیلئے مجموعی طور پر 346 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں 226 بھارتی کھلاڑی شامل ہیں، جنوبی افریقہ کے 26، آسٹریلیا کے 23، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے 18، 18 نیوزی لینڈ کے 13، افغانستان کے 8، سری لنکا کے 7، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے 2، 2 امریکہ، آئرلینڈ اور ہالینڈ کے ایک، ایک کھلاڑی کی بولی لگے گی۔ مالنگا، میتھیوز، برینڈن میک کولم، کولن انگرام، شان مارش، کورے اینڈرسن، ثام کیورن، کرس ووکس اور ڈی آرسی شارٹ مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔جن کیلئے بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، جیدیو اوندکت بھارت کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جن کی بنیادی قیمت 1.5 کروڑ روپے ہو گی، بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم اور محموداللہ کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے البتہ حیران کن طور پر تمیم اقبال جگہ نہ بنا سکے۔