نبی پاکؐ سے سچی محبت کامیابی کا زینہ ہے:حاجی حنیف طیب
کراچی(نیوزرپورٹر) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمدحنیف طیب نے کہاہے کہ نبی کریم ﷺسے سچی محبت دنیاوآخرت کی کامیابی کاذریعہ ہے، ہمیں بھی ویسی ہی محبت عمل اورکردارکاثبوت فراہم کرناچاہیے جس کاعملی مظاہر ہ صحابہ کرام ، طباء تابعین،اولیائے کرام،بزرگان دین اور جیدعلمائے کرام ومشائخ عظام نے اپنی زندگیوں میں کرکے دکھایا۔وہ المصطفیٰ کے زیراہتمام نورمسجد گلستانجوہر میں محفل میلاد النبی ﷺکے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انکا کہناتھاکہ متعد داحادیث اوربے شمار روایات ایسی مل جائیں گی کہ صحابہ کرام ؓ حضوراکرم ﷺسے محبت کااظہارکس طرح کرتے تھے۔ مثلاًجس برتن میں حضورپانی پیتے، یا وضو کرتے توصحابہ کرام اس کے قطرے تبرک کے طورپرتقسیم کرلیتے اور چہروں پر ملتے تاکہ انہیں برکت حاصل ہو،وہ نبی کریم کا پسینہ مبارک جمع کرکے خوشبو کے طور پر استعمال کرتے،ان کا جذبہ شہادت اور حضور پر جاں نثاری کاعالم یہ تھاکہ میدان جنگ میں بھی پانی پینے کے لئے اپنے ساتھی کوترجیحی دیتے ، حتیٰ کہ وہ اسی حال میں پیاسے ہی شہید ہو جاتے ۔ضرورت اس بات کی ہے ہم بھی اپنی اولادوںاور نوجوان نسلوں میں صحابہ کرام جیسا ایثاروجذبہ پیداکریں ۔تب ہی ہم دنیا وآخرت میں سُرخروہوسکیں گے۔انہوںنے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جومحفل میلاد کا انعقادکرتے ہیںاور جو لوگ اس میں شریک ہوتے ہیںاور اس پیغام کو عام کرتے ہیں، درحقیقت وہ حضوراکرم ﷺسے اپنی محبت کا ثبوت دیتے ہیں۔