علامہ ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہوکے امیر مقرر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے علامہ ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی کو مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کا امیر مقرر کر دیا ہے۔ گزشتہ روز مرکزی دفتر راوی روڈ میں کابینہ کے ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صوبائی‘ ضلعی اور شہری تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور کو تنظیمی لحاظ سے دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا‘ باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ علامہ ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر امیر ہوں گے جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داری بھی انہی کے پاس رہے گی۔ پروفیسر ساجد میر نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹرریاض الرحمن یزدانی جماعت کو لاہور کی سطح پرفعال بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ مشاورتی اجلاس میں صوبائی امیر حافظ عبدالستار حامد‘ ناظم مولانا عبدالرشید حجازی‘ مرکزی رہنماؤں مولانا محمد نعیم بٹ‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد‘ مولانا عبدالباسط شیخوپوری‘ حاجی عبدالرزاق‘ میاں محمد راشد اور رانا نصر اللہ خاں نے شرکت کی۔