پاکستان کا امن و استحکام کشمیر کی آزادی سے منسلک ہے :ذکر اللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن ، ترقی اور استحکام کشمیر آزادی سے منسلک ہے ۔کشمیر ی مسلمان پاکستان سے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر الحاق چاہتے ہیں لیکن بھارت 71 برسوں سے ظلم و ستم کے ذریعے ان کی راہ میںرکاوٹ بنا ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوںنے کہا کہ 8 لاکھ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم کی نت نئی داستانیں رقم کر رہی ہے مگر اس کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی ہر گذرتے دن کے ساتھ زور پکڑ رہی ہے ۔ بھارت مسلسل بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہاہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کرتار پور باڈر کھولنے کی مخالفت نہیں کرتے مگر اس سچ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات نہیں کیے جائیں گے اس وقت بھارت کیساتھ امن اور دوستی کے خواب دیکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے ۔