موٹر وے پولیس‘ قابل فخر اور مثالی ادارہ
موٹر وے پولیس اپنی ایمانداری‘ خوش اخلاقی اور بروقت زریں اصولوں کی وجہ سے نہ صرف ملک کا مثالی ادارہ ہے بلکہ پوری دنیا میں شہرت اور پہچان رکھتی ہے۔ پاکستان میں واحد پولیس ہے جوکہ کسی دبائو کو خاطر لائے بغیر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہے۔ ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر وزراء ‘ بیورو کریٹس‘ ٹیکنوکریٹس کے چالان کیئے گئے ہیں جبکہ شاہرائوں پر ٹریفک کی روانی میں فعال کردار اداکرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کی تربیت اور آگہی مہم کے لئے موٹر وے پولیس کوشاں ہے اور ان کی یہ خوبی اور روایت برقرار ہے۔ گزشتہ دنوں قریبی عزیز جوکہ ایک ٹرالر مالک ہے اس نے فون کیا ہے کہ رحیم یار خان کے علاقہ ترنڈہ محمد پناہ میں موٹر وے پولیس نے روک لیا ہے چالان کیا ہے جوکہ ادا کردیا ہے اس کے باوجود شناختی کارڈ اور کاغذات تحویل میں لیکر24 گھنٹوں کے لئے ٹرالر کو روک لیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اگلے دن ڈہرکی کی بکنگ ہے اور جانا ضروری ہے۔ اگرچہ بخوبی اندازہ تھا کہ روکنے کی کوئی خاص وجہ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوگی اور سفارش نہیںمانی جائے گی۔ اس کے باوجود ڈرائیور کے کہنے پر دو تین مرتبہ رحیم یار خان فون پر رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ مجبوراً کراچی میں موجود موٹر وے پولیس کے ایک افسر سے رابطہ کیا لیکن ڈرائیور کو ریلیف دلوانے میں کسی طور پر کامیاب نہ ہوسکے اور24 گھنٹے بعد ہی موصوف کو شناختی کارڈاور کاغذات واپس دیئے گئے اور منزل مقصود کی جانب روانہ ہوئے۔ بہرحال اس وقت ملک کو موٹر وے پولیس جیسے ادارے میں فرائض سر انجام دینے والے افسران اور عملے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص ملک کے میٹروپولیٹن اور بڑے شہروں میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے حکومت کو موٹر وے پولیس کی طرز پر ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈی خواجہ کا کہنا ہے ،’’ موٹروے پولیس اپنے زریں اصولوں، ایمانداری، خوش اخلاقی کی وجہ ایک قابل فخر اور مثالی ادارہ ہے اور اس کے باعث پوری دنیا میں اپنی پہچان رکھتی ہے۔انسانی وسائل کی ترقی کسی بھی ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔آئی جی موٹروے نے افسران کو نصیحت کی ہے کہ اس جذبے کو اپنے عملی میدان میں بروئے کار لائیں تا کہ بہتر خدمت کی جا سکے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی روکنے کے لئے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پرا سیکنر لگانے ہوں گے، موٹروے پولیس کے سروس اسٹرکچر کے لیے کام جاری ہے دھند اور موٹروے کی بندش کے بارے میں معلومات حاصل کرنے لیے موٹروے پولیس نے موبائل ایپ ہم سفر کے نام سے بنائی ہے جو کہ وقت کی ضرورت ہے ۔موٹر وے پولیس پیشہ ورانہ فرائض کے علاوہ کھیلوں اور دیگر سرگرمیوںمیں بھی سرگرم رہتی ہے اورکھیل اسکی نشوونما میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔کھیل اداروں میں مثبت مقابلوں کے رجحان کو ترویج دیتے ہیں،کھیلوں کی سرگرمیاں برداشت، ٹیم ورک اور جیت کے جذبے کو فروغ دینے کا ماحول پیدا کرتی ہیں۔ اسی حوالے سے گزشتہ دنوں موٹروے پولیس کے آٹھویں سالانہ اسپورٹس فیسٹولکا انعقاد کیا گیا، موٹروے پولیس کے آٹھویں سالانہ اسپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈی خواجہ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسانی زندگی کی ترقی اور نشوو نما میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں ایک صحت مند دماغ ایک صحت مند جسم میں ہی پایا جاتا ہے اور کھیل انسانی سوچ کے درست سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیلوں کا انعقاد فورس کے مورال کو بلند کرنے کے لئے نہایت ضروری ہے۔ موٹر پولیس چونکہ اپنی فرض شناسی‘ زریں اصولوں کی بنا پر ایک مقام رکھتی ہے۔حکومت اس ادارے کو مزید فعال بنائے اور ان کا دائرہ اختیار مزید وسیع کرے۔ بالخصوص قومی سطح پر ٹریفک کنٹرول ‘ سڑکوں پر حادثات سے بچائو کے لئے ملک گیر آگہی مہم اور ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرنے کے لئے ذمہ داریاں سونپی جانی چاہئیںاور یہ دائرہ کار نہ صرف قومی شاہراہوں بلکہ شہروں میں چلنے والی ٹریفک و ٹرانسپورٹ کا کنٹرول موٹر وے پولیس کی تحویل میں دیا جانا چاہیئے تاکہ ٹریفک مسائل بتدریج حل ہوںاور ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہو۔