سوئی گیس سب سے سستا ایندھن‘ 57لاکھ صارفین کو فراہمی جاری: ایم ڈی سوئی ناردرن
لاہور(خالد بہزاد ہاشمی، طارق منیر بٹ، فیملی میگزین رپورٹ) ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی امجد لطیف کا کہنا ہے کہ رواں سال سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ قطر سے ایل این جی کی درآمد کے بعد اب ہمارے ذخیرے میں اتنی گیس ہے جو کہ پورے سیزن کیلئے کافی ہوگی۔ گھریلو صارفین کے ساتھ صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو بھی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ رواں سال سوئی گیس کا منافع ساڑھے آٹھ ارب تک پہنچ گیا ہے جو پچھلے سال صفر تھا۔ سوئی گیس کے لاسز کو 14 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد تک لے آئے ہیں۔ کمپنی کے تمام فیصلے 14 رکنی گورننگ بورڈ کرتا ہے۔ ورکرز یونین کے ساتھ ہر دو سال بعد تنخواہوں میں اضافے کا ایگریمنٹ کرتے ہیں جو 30سے 35 فیصد ہوتا ہے۔ حادثاتی موت کا شکار ہونیوالوں کیلئے انشورنس پالیسیاں بنائی ہیں۔ کمپنی صارفین کو ٹرانسمیشن اور سپلائی کی ذمہ داری نبھاتی ہے جبکہ اوگرا ہماری ریگولیٹری باڈی ہے۔ اوگرا نے رواں سال ہمیں ساڑھے سات لاکھ کنکشن لگانے کا کوٹہ دیا ہے جبکہ پچھلے سال چار لاکھ میٹرز لگائے۔ کمرپسر لگانے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے ہمارے پاس کوئی میکنزم نہیں لیکن شکایات پر متعلقہ جگہ چھاپہ مار کر کارروائی کرتے ہوئے چھ ماہ کیلئے اس کا میٹر کاٹ دیتے ہیں۔ کمپریسر لگانا ایک قابل تعزیر جرم ہے۔ ہیلپ لائن 1199 پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔ سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد کرکے مستقبل کے سٹارز کو سامنے لانے کا کام بھی انجام دے رہی ہے۔ سابق ملازمین کی اولاد اور رشتہ داروں کو کمپنی میں ملازمت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے۔ کمپنی 57لاکھ صارفین کو گیس کی سہولت فراہم کررہی ہے جبکہ 24 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں۔ کنکشن کے حوالے سے ہمارا ہر قدم کمپیوٹرائزڈ ہے۔ ملکی آئین کا سیکشن 154 بڑا واضح ہے جس میں لکھا ہے کہ جس صوبے میں گیس پیدا ہوگی اس پر پہلا حق اس کا ہوگا۔ ہمارے پاس گیس کا بہت کم ذخیرہ رہ گیا، اسی لئے ایل این جی منگوانا پڑی، چالیس مختلف ذرائع سے گیس حاصل کرتے ہیں۔ سوئی گیس سب سے سستا ایندھن ہے، 30 فیصد پاکستانی اس نعمت سے مستفید ہورہے ہیں ہر کسی کو یہ سہولت فراہم نہیں کرسکتے۔ تفصیلی انٹرویو فیملی میگزین کے 17 سے 23 دسمبر کے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔