لاہور (خصوصی رپورٹر) عالمی تنظیم اہلسنت کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف یوم مذمت منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں داتا دربار چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے جبکہ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ یااللہ دہشت گردوں کو برباد کردے۔ ڈرون حملوں پر خاموش حکمران نامنظور، معصوم لوگوں پر حملے کرنے والے مسلمان نہیں، نمازیوں پر حملے کرنے والے انسان نہیں حیوان ہیں، دہشت گردوں کو بھگاﺅ ملک بچاﺅ، مظاہرین سے علامہ سید شاہد حسین گردیزی، سید مختار اشرف، مولانا شہباز رضا، سید مصطفی رضوی، مولانا دلشاد حسین نوری، مولانا محبت علی قادری و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، ہسپتالوں، جنازگاہوں، صوفیائے کرام کے مزارات اور پبلک مقامات پر خود کش حملے کرنے والے بتائیں کہ یہ کونسااسلام یا کونسا جہاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت اسلام کے دشمنوں اور پاکستان کے غدار دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم پر جہاد فرض ہوچکا ہے۔ قوم پاکستان کی سلامتی اور دہشت گردوں کی بربادی کے لئے فوج سے مل کر دہشت گردوں کے خلاف مل کر جہاد کرے۔ ریاست کے خلاف بغاوت کرنے والے اور معصوم شہریوں پر خود کش حملے کرنے والے کسی رعایت یا معافی کے مستحق نہیں۔ نام نہاد اسلام کا لبادہ اوڑھنے والے اور بلیک واٹر کے دہشت گردوں نے اپنی گھناﺅنی کاروائیوں سے ملک کے ہر فرد پر موت کی وحشت طاری کی ہوئی ہے‘ عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر پیر محمد افضل قادری نے شاہین چوک گجرات میں ایک بہت بڑی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان سے انحراف کی وجہ سے قوم اللہ تعالیٰ کے قہر وغضب کا شکار ہے۔ مہنگائی، عریانی فحاشی اور ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت سے ملک کو شدید خطرات درپیش ہیں لہٰذا پوری قوم کو چاہئے کہ وہ سچے دل سے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ کرے۔ قوم کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ، وزیر آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی، لیہ، ملتان، حیدر آباد، شیخوپورہ، کراچی، فیصل آباد، کھاریاں، ہری پورہ ہزارہ اور دیگر مقامات پر بھی نماز جمعہ کے بعد دہشت گردوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور اسرائیل، امریکہ اور بھارت کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024