گلگت + اسلام آباد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + مانیٹرنگ نیوز + ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے سید مہدی شاہ بلامقابلہ گلگت بلتستان کے پہلے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہی کے وزیر بیگ سپیکر اور جمیل احمد ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے‘ چنار باغ میں ایک تقریب کے دوران گورنر گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے سید مہدی شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مہدی شاہ کو گلگت بلتستان کا وزیر اعلیٰ اور وزیر بیگ کو سپیکر اور جمیل احمد کو ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ہال میں گلگت بلتستان کے پہلے وزیر اعلیٰ‘ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوا۔ اس موقع پر (ق) لیگ کے مرزا حسین نے خیرسگالی کے طور پر پیپلز پارٹی کے سید مہدی شاہ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا جس کے بعد پی پی پی کے سید مہدی شاہ گلگت بلتستان کے بلامقابلہ پہلے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ کے بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کے عہدے کیلئے (ق) لیگ کے نامزد امیدوار بشیر احمد خان اور ڈپٹی سپیکر کیلئے دو امیدواروں (ق) لیگ کی آمنہ انصاری اور جے یو آئی کے حاجی گلبر خان نے بھی مدمقابل پیلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب سپیکر وزیر بیگ نے سبکدوش سپیکر ملک محمد مسکین سے حلف اٹھانے کے بعد اپنا منصب سنبھال لیا اور نومنتخب ڈپٹی سپیکر جمیل احمد سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اجلاس کے آغاز میں ذوالفقار علی بھٹو‘ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدائے جمہوریت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ گلگت بلتستان کے انتخاب کے دوران جاںبحق سیاسی کارکنوں کے لئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے اعلان کے ساتھ ہی قانون ساز اسمبلی جئے بھٹو‘ چئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھی۔ نومنتخب سپیکر وزیر بیگ نے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 1973ء کے آئین کو پامال ہونے سے بچانا ہے‘ حکومت نے بروقت انتخابات کروا کر جمہوریت کا عملی ثبوت دیا ہے۔ حلف برداری کے فوراً بعد گورنر اور وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے منتخب ممبران کے ہمراہ یادگار شہدا پر حاضری دی۔ ادھر نومنتخب وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ ان کی پہلی ترجیح گلگت بلتستان میں امن و امان کا قیام ہو گا۔ گلگت بلتستان کے لوگوں نے پیپلز پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہماری کابینہ اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کرے گی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور قائم مقام گورنر گلگت بلتستان قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا مقامی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ ارکان اسمبلی امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے اتحاد اور تعاون کا مظاہرہ کریں۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024