لکی مروت (نامہ نگار) سرائے نورنگ کے قریب سابق رکن قومی اسمبلی نصیر محمد خان کے زیرتعمیر پٹرول پمپ میں بم دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سابق ایم این اے نصیر محمد خان بھی شامل ہیں۔ ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت نصیر محمد خان پٹرول پمپ میں تعمیراتی کام کی نگرانی کر رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ بم سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ اس کا نشانہ سابق رکن اسمبلی ہی تھے کیونکہ وہ مروت قومی جرگے کے ایک اہم رکن ہونے کے ساتھ ساتھ جے یو ٓئی(ف) کے رہنما بھی ہیں اور1990میں اسلامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ دیگر زخمیوں میں سابق رکن اسمبلی کے قریبی عزیز نذیر محمد خان پمپ منیجر قاسم خان اور دو مزدور شیر محمد اور جہانداد خان شامل ہیں دھماکے بعد زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال نورنگ منتقل کر دیا گیا جہاں سے نصیر محمد خان اور ان کے قریبی عزیز کو پشاور ریفرکر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی سخت کر دی۔ ادھر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت شیر اعظم، ق لیگ ہمخیال کے مرکزی صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان، ایم این اے ہمایوں سیف اللہ خان، ایم پی ایز منور خان مروت و انور سیف اللہ خان رئیس عیسک خیل، الحاج محمد اسلم خان جماعت اسلامی کے رہنما انور حیات خان اور تحریک انصاف کی رہنما زرین تاج زری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38