پہلے سفیر سے خود منت سماجت اور اب لابنگ فرم ہائر کر کے معافی تلافی پر کام ہو رہا ہے،شرم تم کو مگر نہیں آتی،ٹویٹ
یہ لابی فرم نہیں بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے،میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگرکرنے کیلئے اسے انگیج کیا ہے،فواد چوہدری کا جوابی رد عمل
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پی ٹی آئی کی جانب سے امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کا معاہدہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کتنے چہرے ہیں کمپیوٹر بھی پریشان ہے،پہلے سفیر سے خود منت سماجت اور اب لابنگ فرم ہائر کر کے معافی تلافی پر کام ہو رہا ہے،شرم تم کو مگر نہیں آتی،جس کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ لابی فرم نہیں بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے،میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگرکرنے کیلئے اسے انگیج کیا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کا معاہدہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان امریکا سے ترلوں اورمعافی پراترآیا ہے۔ پہلے اس نے ایلچی بھیجے پھر سفیر سے خود منت سماجت کی اور اب لابنگ فرم ہائر کر کے معافی تلافی پر کام ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قوم میں امریکا کیخلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے۔ عمران خان کے کتنے چہرے ہیں کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔ احسن اقبال نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا شرم تم کو مگر نہیں آتی۔دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی فرم سے کئے گئے معاہدے کا اردو ترجمہ کرانے کا کہا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ لابی فرم نہیں بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے۔ جسے پی ٹی آئی یوایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگرکرنے کیلئے انگیج کیا ہے۔